چنڈی گڑھ،14جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ایک کھلاڑیوں کو لگی چوٹ اور ریو جانے والے ڈبلز کھلاڑیوں کے درمیان آپس میں اعتماد کے فقدان کے باوجود ہندوستان کو امید ہے کہ کل سے یہاں کوریا کے خلاف ایشیا اوسیناگروپ ون ڈیوس کپ مقابلے میں رام کمار راماناتھن اور ساکیت مانینی اس کے لئے بہترین نمائش کرے گا۔21برس کے رام کمار پہلی بار ڈیوس کپ کھیلیں گے کیونکہ یوکی بھامبری اور سوم دیو دیوورمن زخمی ہیں۔چنئی کے اس کھلاڑی کی توانائی، جذبہ اور تیز طرار سٹروک کا کوئی جواب نہیں خاص طور پر جب وہ فورہینڈ پر کھیلتا ہے لیکن مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پانے سے وہ آگے نہیں جا سکے،ان کے لئے ڈیوس کپ میچ جیت کر اپنی ساکھ بہتر کرنے کا موقع ہے۔انہوں نے کچھ مشکل میچ جیتے ہیں لیکن کچھ قریبی مقابلے ہارے بھی ہیں۔مانینی کے ساتھ مل کر وہ کوریا کھلاڑیوں کی پریشانی کا سبب بن سکتے ہیں۔کوریا اپنے بہترین کھلاڑی ہیون چنگ کے بغیر یہاں آئی ہے۔ان کی غیر موجودگی میں کوریا خیمے میں بہترین کھلاڑی سیونگ چان ہانگ ہے جن کی اے ٹی پی سنگل درجہ بندی 427ہے۔یونگ کیو لم(626)، ینسیوگ چنگ(628)اور ہانگ چنگ(655)باقی کھلاڑی ہیں۔دوسری طرف ہندوستانی ٹیم میں نسبتا زیادہ تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔مانینی تین میچ کھیل چکے ہیں اور صرف ایک ڈبلز میچ ہارے ہیں۔حال ہی میں وہ کندھے کی چوٹ سے ابھرے ہیں اور ان کے لیے فٹنس برقرار رکھنا اہم ہوگا۔